صفحات

اتوار، 24 جنوری، 2016

الموافقات

امام شاطبی کی "الموافقات" سے عہد جدید میں فقہ اسلامی کی روح کے سمجھنے میں بہت فائدہ اٹھایا گیا ہے. انگریزی میں اس حوالے سے لکھی گئی تحریریں اس کتاب کی اہمیت واضح کرتی ہیں. مصر میں محمد عبدہ اسے اپنے طلبہ کو خصوصی طور پر تجویز کرتے تھے. مولانا مودودی ر ح  نے غالبا سب سے پہلے اسے اردو زبان میں منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا. اسلامی یونیورسٹی کے اصول فقہ کے نامور فاضل ڈاکٹر عمران احسن خان نیازی نے اسے انگریزی میں منتقل کیا ہے جو ابھی نظر سے نہیں گزرا لیکن محترم ڈاکٹر مشتاق احمد صاحب کا کہنا ہے کہ عمدہ ترجمہ ہے. نیازی صاحب جیسے لوگ پاکستان میں رہ کر وہی کام کر رہے ہیں جو عرب دنیا میں ڈاکٹر جمال الدین عطیہ جیسے لوگ کر رہے ہیں.نامور اہل حدیث عالم مولانا عبد الرحمان کیلانی ر ح نے اس کتاب کو اردو میں منتقل کیا تھا لیکن یہ ترجمہ معنی خیز نہیں ہے اور کتاب کے مشکل مقامات کے سمجھنے میں زیادہ معاون نہیں.  یوسف حامد العالم کی مقاصد شریعت پر کتاب کو محترم ڈاکٹر طفیل ہاشمی صاحب نے اردو میں منتقل کیا ہے اور اس میں شاطبی کے اقتباسات کو جس عمدگی سے اردوایا ہے وہ ان کی شاطبی فہمی کی دلیل ہے. محترم عمار صاحب اس کتاب کی شریعہ اکیڈمی میں تدریس کرتے تھے لیکن افسوس ہے ان دروس کی ریکارڈنگ نہیں ہو سکی ورنہ وہ عمار صاحب کی اعلا لیاقت و لباقت کا ثبوت ہوتے. کاش ان کی سطح کا کوئی فاضل اسے عبد اللہ دراز جیسے عمدہ حواشی کے ساتھ اردو کا جامہ پہنا دے. بندے کا قرآنی دراسات سے تعلق ہے. شاطبی کی اس کتاب کی دوسری جلد میں علوم قرآنی سے متعلق مباحث عام کتابوں میں نہیں ملتے اور عمدہ ہیں.

(سید متین احمد)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں